بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جی 20اجلاس سے قبل ایک اور جعلی آپریشن کا منصوبہ بنایا ہے : جی اے گلزار
سرینگر09اپریل(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ دھوکہ دہی اور سازشوں سے بھرا پڑا ہے اور اس نے تحریک آزادی کشمیر کوبدنام کرنے کے لئے مجوزہ جی 20اجلاس سے قبل ایک بار پھرجعلی آپریشن کا ڈرامہ رچانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں کو بھارتی ایجنسیوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے چوکنا رہنا چاہیے کیونکہ بھارت نے سیکورٹی کے نام پر فورسز کی اضافی نفری تعینات کر دی ہے اور مقبوضہ علاقے میں محاصروں، تلاشی کارروائیوں ،چھاپوں اورگرفتاریوںکا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ انہوں نے بھارت کے سابقہ ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارتی ایجنسیاں مقبوضہ جموں وکشمیر میں مجوزہ G-20ایونٹ کے موقع پر کوئی جعلی آپریشن کر سکتی ہیں یا اقلیتوں کو نشانہ بنا سکتی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی گھنائونی حرکتیں بھارتیوںکے لیے مزید شرمندگی اور تذلیل کا باعث بنیںگی۔غلام احمد گلزار نے ایک بار پھر جی20 ممالک سے اپیل کی کہ وہ اس تقریب کا بائیکاٹ کریں کیونکہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں ان کی موجودگی کو بین الاقوامی طور پر متنازعہ علاقے پر اپنے غیر قانونی قبضے کو جواز فراہم کرنے کے لیے استعمال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر کو ایک قلعے اور فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور ریاستی دہشت گردی کی دیگر سرگرمیوںنے کشمیریوں کی زندگی کو جہنم بنا دیا ہے۔انہوں نے G-20ممالک پر زور دیا کہ وہ بھارت سے پوچھیں کہ اگر مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات معمول پر آ گئے ہیں تو پھر اس کی دس لاکھ قاتل فوج کشمیر میں کیا کر رہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں G-20کا اجلاس منعقد کرکے بھارت انسانیت کے خلاف اپنے جرائم کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان مہذب ممالک کو جو انسانی حقوق کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں ، انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے اور بھارت سے اس کے کالے کرتوتوںکا جواب مانگنا چاہئے۔ حریت رہنما نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی حالت زارپر شدید تشویش کا اظہار کیا اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان معصوم لوگوں کو غیر انسانی ماحول میں رکھا گیا ہے اور ان کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ بیان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مضبوط پیغام تحریک آزادی میں نئی روح پھونک دے گا۔انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کی منصفانہ جدوجہد کی مسلسل حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔