مقبوضہ جموں و کشمیر
مقبوضہ جموں وکشمیر میں مختلف واقعات میں دو افراد کی موت
جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے ریاسی اورادھم پور اضلاع میں پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات میں دو افراد کی موت ہوگئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع ریاسی کے علاقے مامن کوٹ شیرگڑی میں عامر لون نامی دکاندارمبینہ طور پر پہاڑ ی سے پھسلنے کے بعد پراسرارحالت میں مردہ پایا گیا۔عامر کے والد شوکت علی نے اپنے بیٹے کی موت کی نوعیت کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہارکرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ چسانہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور موت کی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے۔
دریں اثناء ضلع اودھم پور میں ایک راہگیر36سالہ پرشوتم لال دیا باغ دھر روڈ پر ایک نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔