یوم حق خودارادیت، پاسبان حریت کے زیر اہتمام مظفر آباداور اٹھمقام میں ریلیاں
مظفرآباد 05 جنوری (کے ایم ایس)
یوم حق خودارادیت کے موقع پر پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام مظفرآباداور اٹھمقام میں ریلیاں نکالی گئیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظفرآباد میں پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیراہتمام برہان وانی شہید چوک سے حق خودارادیت ریلی نکالی گئی جس میں سیاسی، مذہبی، سماجی اور آزادی پسند تنظیموں کے رہنمائوں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شریک کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اقوام متحدہ اور عالمی برادر کی توجہ دیرینہ حل طلب تنازعہ کشمیر کی سنگینی اورمقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی، نہتے کشمیریوں پر قابض افواج کے مظالم اور کشمیر کی سنگین صورتحال کی طرف مبذول کرائی گئی تھی ۔ ریلی کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کی جبکہ مقررین میں ان کے علاوہ علاوہ مشتاق السلام، شوکت جاوید میر، جاویداحمد مغل، عثمان علی ہاشم، ڈاکٹر محمد منظور، عظمت حیات کشمیری، قاری بلال احمد فاروقی، محمد ایمل فرزام ،اقبال یاسین، عبدالروف تانترے اور مہتاب حمید ایڈووکیٹ شامل تھے۔ریلی کے شرکاء نے "جاگوجاگو اقوام متحدہ جاگو” سمیت بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے ۔مقررین نے اقوام متحدہ سے دیرینہ تنازعہ کشمیر کوکشمیری عوام کوانکا حق خودارادیت دلوانے کے ذریعے حل کرنے پر زوردیا۔ان کاکہنا تھا کہ حل طلب تنازعہ کشمیر سے جنوبی ایشیاء کے امن و سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام آج مقبوضہ علاقے میں آزادانہ، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ استصواب رائے کا مطالبہ کررہے ہیں جس کا وعدہ اقوام متحدہ نے اپنی قرارداوں میں ان سے کیاتھا ۔ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ بھارت گزشتہ 74 برس سے عالمی فورمز پر کشمیری عوام سے کیے گئے وعدوں سے انحراف کر رہا ہے اور اس نے مقبوضہ کشمیر میں نو لاکھ سے زائد اپنے فوجی تعینات کر رکھے ہیں جو مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاںجاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اگست 2019میں بھارت کی طرف سے جموںو کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی بھی مذمت کی ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیاء کے خطے میں پائیدار امن و سلامتی کے قیام کیلئے دیرینہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرے۔اس موقع پر مظفرآباد میں قائم اقوام متحدہ کے مبصردفتر کو کشمیریوں کوانکا حق خودارادیت دلوانے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری جنگی جرائم کیخلاف ایک قرارداد بھی پیش کی گئی۔ پاسبان حریت کے زیر اہتمام کنٹرول لائن کے قریب اٹھمقام میں بھی5جنوری کویوم حق خودارادیت کے موقع پر بنتل شہداچوک سے ایک ریلی نکالی گئی ۔ ریلی کی قیادت پاسبان حریت ضلع نیلم کے صدر ملک شرافت حسین ، سماجی رہنما پیرزاد سلطان محمود ، مولانا محمد ندیم اور خانزادہ صادق نے کی۔ ریلی کے شرکا نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اقوام متحدہ سے کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلوانے اور بھارت کیخلاف نعرے درج تھے ۔اس موقع پر مقررین نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ غیر قانونی ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاکہ وہ کشمیر ی عوام سے کئے گئے استصواب رائے کے اپنے وعدے پورے کرے۔برفبار ی کے باوجود ریلی کے شرکاء نے شاہراہ نیلم پر مارچ بھی کیا۔مانک پہیاں مظفر آباد میں بھی یوم حق خود ارادیت کے موقع پراک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ ریلی کے شرکاء نے بینر زاور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق خودارادیت سے متعلق نعرے درج تھے۔