مقبوضہ جموں و کشمیر

اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر پر مداخلت کرکے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے:مقررین کانفرنس

برمنگھم 05 جنوری (کے ایم ایس) تحریک کشمیربرطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعہ کشمیر پر مداخلت کرکے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ورنہ عالمی ادارے کاحشربھی لیگ آف نیشنز جیسا ہوگا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فہیم کیانی نے یہ بات برمنگھم میں یوم حق خودارادیت کے موقع پر مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی حمایت میں منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے ” 5جنوری 1949 کشمیر کی جدوجہد آزادی کی تاریخ میں کیوں اہم ہے“ کے موضوع پر ایک روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کوعالمی امن کو یقینی بنانے کے لئے تشکیل دیا گیاتھا اور اگر عالمی امن کو اس وقت کوئی سنگین خطرہ ہے تو وہ تنازعہ کشمیر کا حل نہ ہونا خاص طور پر اقوام متحدہ کی جانب سے کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے ہے۔انہوں نے عالمی ادارے کی جانب سے کارروائی نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لیگ آف نیشنز دوسری جنگ عظیم کو ٹالنے میں ناکامی کی وجہ سے ختم ہوگئی۔ فہیم کیانی نے کہا کہ اقوام متحدہ کوجاگ جاناچاہیے اور دنیا کو ایک بڑی تباہی سے بچانا چاہیے جو کسی بھی وقت آ سکتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری نسل کشی کو روکے۔رکن برطانوی پارلیمنٹ اور شیڈو منسٹر فار جسٹس افضل خان نے کانفرنس کو بتایا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر دنیا میں سب سے زیادہ فوجی جماﺅ والا علاقہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے 05 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموںوکشمیر میں بنیادی تبدیلیاں لائی ہیں۔ انہوں نے16 برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے خط کے بارے میں کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس کے بعد ٹھوس کارروائی کی جائے گی اور امریکہ ، یورپ اور برطانیہ میں ہمارے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آواز سنی جائے گی۔رکن پارلیمنٹ اورلیبرپارٹی کے فرینڈز آف کشمیر کے چیئر مینAndrew Gwynneنے اپنے پیغام میں کہا کہ حق خودارادیت سب سے بنیادی انسانی حق ہے جس سے دوسرے تمام حقوق نکلتے ہیں۔ کنزرویٹو پارٹی میںفرینڈز آف کشمیرکے سربراہ James Daly نے کہا کہ بھارت کی طرف سے 05 اگست 2019 کو کیے گئے اقدامات کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور 1972 کے شملہ معاہدے اور لاہور اعلامیہ جیسے پاک بھارت دو طرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی ہیں۔ تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا کہ کشمیر کو ذرائع ابلاغ میں زندہ رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کا استعمال اورکشمیر کے بارے پروگرام نشر کرناسب سے اہم ہے۔کانفرنس سے بہت سے دیگر لوگوں نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button