پاکستان

کشمیری عوام پر مسلسل جبر، بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کا سامنا کر رہے ہیں، اسحاق ڈار

اسلام آباد:نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہمارے عہد کا ایک سنگین المیہ ہے کیونکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے عوام مسلسل منظم جبر، انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں اور اپنے بنیادی حقوق و وقار کی پامالی کا سامنا کر رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یومِ حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور پاکستان کے عوام بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ہم حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 5جنوری 1949 کو اقوامِ متحدہ کے کمیشن برائے بھارت اور پاکستان کی اس تاریخی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس نے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ایک آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کی باقاعدہ ضمانت دی تھی۔ یہ عہد جموں و کشمیر کے تنازع پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں درج ہے اور اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی ہر سال حقِ خودارادیت کی حمایت میں اپنی قراردادوں کے ذریعے اس کی توثیق کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون حقِ خودارادیت کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر میں درج ایک بنیادی اصول کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔تاہم، بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیر ی عوام کو اس حق سے محروم رکھا ہوا ہے۔ جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہمارے عہد کا ایک سنگین المیہ ہے، کیونکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام مسلسل منظم جبر، انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں اور اپنے بنیادی حقوق و وقار کی پامالی کا سامنا کر رہے ہیں۔خاص طور پر، 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات علاقے کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کر کے غیر قانونی قبضے کو مستحکم کرنے کی ایک سوچی سمجھی کوشش ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد بین الاقوامی قانون اور حقِ خودارادیت کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کے اپنے وطن میں منظم طریقے سے ایک بے اختیار برادری میں تبدیل کرنا ہے۔دہائیوں کے جبر اور ان گنت قربانیوں کے باوجود، کشمیری عوام حقِ خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں ثابت قدم رہے ہیں۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم ان کی غیر متزلزل استقامت، ہمت اور جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر، پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو اس وقت تک اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے جب تک کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کو حاصل نہیں کر لیتے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button