حفاظتی بنکروں کی غیر مساوی تعمیر کے خلاف لوگوں کا شدید احتجاج
جموں : غیر قانونی طور پربھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کنٹرول لائن اور ورکنگ باو¿نڈری کے قریب واقع دور دراز علاقوں کے مکینوں نے حفاظتی بنکروں کی غیر مساوی تعمیر کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اندرا کالونی اور نئی بستی کے علاقوں میں بارڈر فارمرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بینر تلے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کانگریس کے شعبہ کسان کے چیئرمین بھرت پریے نے کی۔ مظاہرین نے بنکروں کی غیر مساوی تعمیر پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنکرخاص خاص لوگوں کے لئے تعمیر کئے جارہاہے۔احتجاج کے دوران،بھرت پریے نے مقامی کسانوں اور رہائشیوںسے بات چیت کی اورآبادیوں کی اہم ضروریات کو نظر انداز کرنے پر انتظامیہ پر تنقید کی۔ انہوں نے کہاکہ بنکروں کا مقصد تحفظ فراہم کرنا ہے اور ان کی تعمیر جانبداری کے بجائے ضرورت کی بنیاد پر کی جانی چاہیے۔بھرت پریے نے متاثرہ دیہات کے فوری سروے کا مطالبہ کیا اور حکام پر زور دیا کہ وہ ان خاندانوں کے لیے بنکر تعمیر کریں جنہیں حقیقی طور پر ان کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بہت سے دور دراز دیہاتوں میں بنیادی سہولیات کے فقدان کوبھی اجاگر کیا جن میں طبی سہولیات، سڑک رابطہ، پینے کا پانی اور دیگر ضروری خدمات شامل ہیں۔احتجاج میں شریک مقامی باشندوں نے شہری سہولیات میں بہتری کے ساتھ ساتھ بنکروں کی مساوی تعمیر کا مطالبہ کیا۔









