اسلام آباد : سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی
اسلام آباد 03ستمبر ( کے ایم ایس)
بزرگ کشمیری شہید حریت قائد سید علی گیلانی کی اسلام آبادکی فیصل مسجد اور پاکستان ٹیلی ویژن سینٹر اسلا م آباد کی مرکزی مسجد کے باہرغائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فیصل مسجد میں ادا کی جانے والی نماز جنازہ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، اطلاعات و نشریات کے وفاتی وزیر فواد چودھری اور لوگوں کی ایک تعداد نے شرکت کی۔
دریںاثنا پاکستان ٹیلی ویژن سینٹر اسلا م آباد کی مرکزی مسجد کے باہر سبززار میں بھی شہید قائد کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی اور بزرگ قائد کے درجات کی بلندی اور مقبوضہ کشمیر کی جلد آزادی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ مسجد کے خطیب نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں کہا کہ سید علی گیلانی کی وفات پر کشمیریوں کے ساتھ ساتھ پاکستانیوںکے دل بھی رنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے مقبوضہ جموں کشمیرکی بھارتی تسلط سے آ زادی کے لیے طویل جدوجہد کی، قید وبند کی تکالیف برداشت کیں لیکن کبھی بھی غاضبانہ بھارتی قبضے کے سامنے سر نہیں جھکایا۔
ادھر اسلام آباد میں ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے ہیڈ آفس میں بھی جدوجہد آزادی کشمیر کے عظیم رہنماء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ۔