اوڑی میں دستی بم کے دھماکے میں 2 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک گرینیڈ دھماکے میں دو بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت ریاست مہاراشٹرا کے علاقے ایرولی کے چوان وکرم بالاکرشنا اور ضلع ستارہ کی تحصیل کراڈ کے علاقے شاہ پور کے ارجن جادھو راجندرا کے طورپر ہوئی ہے۔ یہ دونوں اوڑی کے علاقے کمل کوٹ کے ایک کیمپ میں سامان کی نقل وحمل کے دوران دستی بم پھٹنے سے ہلاک ہو گئے۔بھارتی فوج کے ایک افسر نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے کے بعد زخمی فوجیوں کو سرینگر کے بادامی باغ فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔سرینگر میں بھارتی فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ وہ متعلقہ حکام سے تفصیلات حاصل کرنے کے بعد ہی اس واقعے پر تبصرہ کریں گے۔
دریں اثناءضلع رام بن میں سرینگر جموں ہائی وے پر بھارتی فورسز کو لے جانے والی ایک بس دو دیگر گاڑیوں کے ساتھ ٹکرانے سے بھارتی پیراملٹری بارڈر سیکورٹی فورس کے دو افسران زخمی ہوگئے جن کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر سنجیت کمار اور ہیڈ کانسٹیبل ارون کمار کے طور پر ہوئی ہے۔حکام نے بتایا کہ بس میں سوار بی ایس ایف اہلکار امرناتھ یاترا کی ڈیوٹی کے لیے جموں سے اسلام آباد جارہے تھے۔






