مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اقلیتی سکھ برادری کو کشمیری پنڈتوں کے مقابلے میں کچھ نہیں ملا : سکھ تنظیم
جموں 04اکتوبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آل پارٹیز سکھ کوآرڈینیشن کمیٹی نے کہا ہے کہ علاقے میں اقلیتی سکھ برادری کو کشمیری پنڈتوں کے مقابلے میں کچھ نہیں ملا، یہاں تک کہ صدیوں پرانی پنجابی زبان بھی اپنی پہچان کھورہی ہے۔
آل پارٹیز سکھ کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین جگموہن سنگھ رینا نے جموں میں ایک بیان میں بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ مقبوضہ جموں وکشمیر کو علاقے میں انتخابی عمل کا آغاز قرار دیا۔ انہوں نے اسمبلی انتخابات کے انعقاد سے قبل مقبوضہ جموں وکشمیرکی ریاستی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کیا۔جگموہن سنگھ رینا نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کو گزشتہ تین دہائیوں کے دوران کئی پیکج ملے ہیں جن کے تحت کمیونٹی کے ہزاروں نوجوانوں کو سرکاری محکموں میں بھرتی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری طرف سکھ اقلیتی برادری کو کچھ نہیں ملا جبکہ صدیوں پرانی پنجابی زبان بھی علاقے میں اپنی پہچان کھو رہی ہے۔