لہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کا23 جون کو لداخ میں ہڑتال کا اعلان

لہہ:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے لداخ خطے میںلہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس نے منگل (23 جون) کو لداخ میں مکمل ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی اہم سیاسی مطالبات پر تاخیری حربے استعمال کررہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کا اعلان ایل اے بی اور کے ڈی اے کی مشترکہ کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا جس میں ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک نے بھی شرکت کی۔ منگل کو لداخ میں تمام کاروباری ادارے اور تجارتی سرگرمیاں بند رہیں گی۔لداخ کے رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ ہڑتال بڑھتی ہوئی مایوسی کی عکاسی کرتا ہے کیونکہ 22 مئی کو نئی دہلی میں ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں دفعہ371A، دفعہ371G اور دفعہ371F کی طرز پر آئینی ضمانتوں اور زمین، ملازمتوں اور مقامی حکمرانی کے حقوق سمیت بنیادی مطالبات پر پیش رفت نہ ہوسکی۔لہہ ایپکس باڈی کے چیئرمین لکروک شیرنگ ڈورجے نے کہا کہ لداخیوں کو امید تھی کہ سرکاری دستاویزات میں ا ن کے خدشات کی عکاسی ہوگی لیکن وہ مایوس ہوئے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے ہتھکنڈے ٹھیک نہیں ہیں ، وہ وقت حاصل کر رہے ہیں اور ان کے عزائم اچھے دکھائی نہیں دیتے، ہم خاموش نہیں رہیں گے ۔ رکن پارلیمنٹ حاجی حنیفہ جان، اصغر کربلائی، سجاد کرگلی اور دیگر سینئر رہنماو¿ں نے ہڑتال کال کی حمایت کی ہے۔






