مقبوضہ جموں و کشمیر
مقبوضہ جموں وکشمیرمیں لوگوں کو خوف ودہشت کے ماحول کا سامنا ہے، غلام نبی آزاد
سرینگر 08 جنوری (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ کشمیر میں لوگ خوف کی فضا میں رہتے ہیں۔
غلام نبی آزاد نے پارٹی کی ایک تقریب سے سری نگر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لوگ خوف کے ماحول میں رہ رہے ہیں، کب کس کو گرفتار کیا جائے گا، کوئی نہیں جانتا، لوگوں کی اراضی یا مکان کب چھینے جائیں گے اس کی کوئی گارنٹی نہیں اور کوئی رہنمایا سیاسی جماعت اس کے خلاف آواز نہیں اٹھاتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ مصائب، پریشانیوں، غربت اوربے روزگاری کا شکار ہیں۔ یاد رہے کہ غلام نبی آزاد چند ماہ قبل کانگریس سے الگ ہو گئے تھے ۔