APHC-AJK

حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام شہادتِ امام حسین کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام شہادتِ امام حسین کے حوالے سے حریت کنوینر غلام محمد صفی کی صدارت میں ایک سیمینار منعقد کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کنوینر غلام محمد صفی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کربلا انسانیت، عدل، حق، حریت اور انسانی حقوق کے تحفظ کا عظیم درس دیتا ہے۔ کربلا ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد، صبر و استقامت اور حق پر ثابت قدم رہنے کی لازوال مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھی حضرت امام حسین کے عظیم پیغام سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے بھارتی تسلط سے آزادی اور اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام بھارتی فوجیوں کے وحشیانہ مظالم، محاصروں، تلاشی کی کارروائیوں، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مذہبی اجتماعات پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور گھروں پر چھاپے مار کر نوجوانوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام صرف مسلمانوں ہی کے لیے نہیں بلکہ دنیا بھر کے تمام آزادی پسند انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ واقعہ کربلا نے ثابت کیا کہ حق اور سچائی کی قوتیں ہمیشہ باطل پر غالب آتی ہیں۔مقررین نے کہا کہ شہادتِ امام حسین حق، صداقت، صبر اور قربانی کی لازوال داستان ہے۔ امام حسین اور ان کے جانثار ساتھیوں نے میدانِ کربلا میں دین اسلام کی سربلندی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا ایسا عظیم درس دیا جو قیامت تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔مقررین نے کہا کہ میدانِ کربلا میں حضرت امام حسین اور ان کے جانثاروں کی تعداد محض 72 تھی جبکہ یزیدی لشکر ہزاروں افراد پر مشتمل تھا اور جدید جنگی سازوسامان سے لیس تھا، مگر حق کے علمبرداروں نے ثابت قدمی، جرات اور قربانی کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک مظلوم اقوام کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ حق و باطل کی اس معرکہ آرائی میں حق کی بالادستی ہمیں قربانی، خودداری، استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔مقررین، نے کہا کہ کشمیری عوام بھی کربلا کے انہی اصولوں کو سامنے رکھ کر اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کب تک ظلم و ستم کا بازار گرم رکھے گا، وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کو آزادی اور کامیابی نصیب ہوگی۔سیمینار کے اختتام پر کنوینر غلام محمد صفی نے شہدائے کربلا، شہدائے کشمیر اور تمام شہدائے اسلام کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور کشمیری عوام کو آزادی کی منزل سے ہمکنار کرے۔تقریب میں سینئرحریت رہنما محمد فاروق رحمانی ،محمود احمد ساغر، میر طاہر مسعود ، ،مسز شمیم شال، ،شیخ عبد المتین ،شیخ ،دائود خان،جاوید اقبال بٹ ، سید اعجازرحمانی ، حاجی محمد سلطان ،میاں مظفر،زاہد صفی، مشتاق احمد بٹ، محمد اشرف ڈار ،محمد شفیع ڈار، کفایت حسین رضوی ،سید گلشن،منظور احمد ڈار،عبدالمجید لون ، زاہد مجتبیٰ ، عبدالمجید میر ، شبیر احمد، رئیس میر، قاضی عمران، امتیاز بٹ،عبدالرشید بٹ، اور امتیاز وانی شامل تھے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button