اسلام آباد :حریت رہنماء بشیر احمد گوہر کی وفات پر دعائیہ تقریب کا انعقاد

اسلام آباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما بشیر احمد گوہر کی وفات پر ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کے دفتر میںحریت کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں منعقدہ تقریب میں کشمیری حریت قیادت، اور دیگر افراد نے شرکت کی اور مرحوم کی مغفرت و بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کی۔اس موقع پر غلام محمد صفی نے اپنے خطاب میں بشیر احمد گوہر کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے طویل، بے لوث اور تاریخی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی تحریک کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ بشیر احمد گوہر کی قربانیاں، فکری استقامت اور اصولی موقف آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے ۔غلام محمد صفی نے مرحوم کی وفات پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ آزادی کشمیر ایک مخلص، نڈر اور نظریاتی رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔ انہوں نے مرحوم کے مشن اور جدوجہد کو ہر قیمت پراسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔حریت کنوینر نے اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے مرحوم کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اورانکے صبر عظیم کی دعا کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب ذوالجلال مرحوم بشیر احمد گوہر کو جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے، ، درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام سے نوازے۔۔تقریب میں ایڈوکیٹ پرویز احمد ، محمود احمد ساغر ،میڈم شمیم شال، نثار مرزا،سید اعجاز رحمانی ، جاوید جہانگیر ،زاہد اشرف،زاہد صفی،شیخ عبد الماجد ،ظہور احمد اور دیگر نے شرکت کی۔







