اتر پردیش : پولیس نے تین مسلم خواتین کو گائے کا گوشت پکانے کے الزام میں گرفتار کر لیا
لکھنو:بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع کوشامبی میں پولیس نے تین مسلم خواتین کو گائے کا گوشت پکانے کے الزام میں گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گرفتار مسلم خواتین کے نام شمع پروین، شائستہ اور فاطمہ بتائے جاتے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ اسے اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں ایک خاندان گائے کا گوشت لے آیا ہے اور اسے اپنے گھر میں پکا رہا ہے۔ جس کے بعد گھر پر چھاپہ مارا گیا ۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ اس نے گھر سے تقریبا ایک کلو پکا ہوا گوشت اور پلاسٹک کے تھیلے میں ایک کلو گرام کچا گوشت برآمد کیاجس کے بعد گھر میں موجود تین خواتین کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے گرفتارخواتین کیخلاف گائے ذبیحہ ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس نے ضبط شدہ گوشت کو فرانزک لیبارٹری بھیج دیا ہے مگر قابل غور پہلویہ ہے کہ ٹیسٹ کی رپورٹ آنے سے پہلے ہی اس نے خواتین کو گرفتار کرلیا ۔







