شوپیاں میں بھارتی فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز،پیراملٹری فورسز، پیرا کمانڈوز اور سپیشل آپریشنز گروپ نے جمعہ کی رات سے ضلع کے علاقے میمندر اور ملحقہ علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کررکھی ہے۔ ایک بھارتی پولیس افسر نے دعویٰ کیا کہ آپریشن علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق اطلاعات ملنے کے بعد شروع کیا گیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں دعویٰ کیاگیا ہے کہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ضلع کے علاقے چنپورہ میں دو عسکریت پسند مارے گئے جبکہ بھارتی فورسز کے حکام نے ابھی تک اس کی تصدیق نہیں کی۔ حکام نے بتایاکہ چن پورہ کے علاقے میں بھی آپریشن جاری ہے۔
دریں اثناءبھارتی پولیس نے جموں کے علاقے اکھنور میں ایک گھر پر چھاپے کے دوران مبینہ جنسی ریکٹ میں ملوث گھر کے مالک روی گپتا، سریشتا دیوی اور ساحل شرما سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے بتایاکہ ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔







