مقبوضہ جموں و کشمیر

ایران اپنے اصولی موقف پر قائم ہے، مسائل کا راتوں رات حل ہونا ممکن نہیں، محبوبہ مفتی

پاکستان نے اپنی موثر سفارتکاری سے دنیا کو ایک بڑی تباہی سے بچالیاہے ،احسن اونتو

سری نگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی( پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات ناکام نہیں ہوئے ہیں ، دونوں کے درمیاں موجود مسائل کو حل کرنے میں وقت لگے گا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ضلع پلوامہ میں پارٹی کی ایک ریلی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ تہران اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور اس نے ایک بار پھر حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا تھا کہ اس جنگ کے دوران ایران نے جو بھی کامیابیاں حاصل کیں وہ اس کے حوالے کر دی جائیں۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے؟ مجھے خوشی ہے کہ ایران ثابت قدم رہا اور امریکہ کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ بات چیت ناکام ہو گئی ہے ،یہ ایک پیچیدہ معاملہ ہے جس کے لیے اتنی بڑی جنگ لڑی گئی۔ اگر آپ سوچتے ہیں کہ یہ مسئلہ راتوں رات حل ہو جائے گا، تو یہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا چاہتی ہے کہ بات چیت کامیاب ہو اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہرمز کی بندش سے دنیا کے لیے توانائی کے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ پیٹرول اور گیس کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں،تجارت کو شدید نقصان پہنچا ہے اس لیے مذاکرات کو کامیاب ہونا چاہیے اور ہم سب کو اس کے لیے دعا کرنی چاہیے۔
دریں اثنا انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن انتو نے ایک بیان میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے قیام میں پاکستان کے کلیدی کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی موثر سفارتکاری اور دانشمندانہ حکمت عملی کے ذریعے دنیا کو ایک بڑی تباہی سے بچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل پاکستان کی سفارتی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف خطے میں کشیدگی کم ہوئی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بھی بلند ہوا ہے۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان اور افواجِ پاکستان کی قیادت بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی امن کے ضامن کے طور پر خود کو منوایا ہے۔محمد احسن انتو نے کہا کہ پاکستان کی اس مثبت پیش رفت سے کشمیری عوام میں بھی امید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں بھی یہ مذاکرات سنگ میل ثابت ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے اس اقدام سے انسانیت دشمن قوتوں کو ذلت آمیز شکست ہوئی ہے اور وہ عناصر جو پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوششوں میں مصروف تھے، آج خود تنہا ہو چکے ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button