مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پراظہارتشویش
مظفر آباد 24 جنوری (کے ایم ایس) حریت رہنما عزیراحمدغزالی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے نو لاکھ سے زائد وحشی فوجیوں کے ذرےعے نہتے کشمیری عوام پر جنگ مسلط کررکھی ہے اور علاقے کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کرکے لاکھوں کشمیریوں کو قیدی بنادیا ہے۔
عزیر احمد غزالی نے مظفر آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ اس کھلی جیل میںکشمیریوں کی مذہبی اور سماجی روایات کو کچلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اس وقت تاریخ کی بدترین دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ہر ایک کشمیری کو بھارتی قبضے سے آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔عزیر غزالی نے کہاکہ بھارت نام نہاد ،جعلی اور جھوٹی جمہوریت کی آڑ میں مقبوضہ وادی میں نہتے شہریوں کوشہید کر رہا ہے اور بندوق کی نوک پرانکے تمام حقوق چھین رہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ایک گلوبل ولیج بن چکی ہے لیکن مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور کشمیریوںکا قتل عام کسی کو نظر نہیں آرہا۔ انہوں نے آزاد جموں وکشمیر کے عوام سے اپیل کہ وہ بھی مقبوضہ وادی کی طرح بھارت کی دہشت گردی کیخلاف اپنی آواز بلند کریں اور ایک موثر مزاحمتی تحریک کو منظم کرنے میں کردار ادا کریں۔ عزیراحمدغزالی نے آزاد جموں کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 26 جنوری، بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منانے کیلئے گھروں سے باہر نکلیں اورسیاہ پرچم لہرا کر عالمی برادری کو یہ پیغام دیں کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے جس نے ہماری ریاست پر فوجی طاقت کے بل پر قبضہ کررکھا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے اپناکردار ادا کریں۔