بھارت : وزیر اعلی کے دورے کے خلاف چورا چند پور میں احتجاج، ہڑتال

امپھال :بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور کے ضلع چورا چند پورمیں بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی ونگزاگین والٹے کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے آنے والے وزیر اعلیٰ وائی کھیم چند سنگھ کے دورہ کے خلاف کوکی قبیلے کے لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کم از کم چھ کوکی تنظیموں نے وزیر اعلیٰ کے کوکی اکثریتی ضلع کے دورے کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ریاست میں بڑھتے ہوئے نسلی تنازعے کے مستقل حل کا مطالبہ کیا۔مسلح گروپ کی طرف سے دی گئی ہڑتال کال کے بعدضلعی ہیڈکوارٹر میں بازار بند اور سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی۔ درجنوں مظاہرین کپرانگ علاقے کے قریب ٹیڈیم روڈ پر بھی جمع ہوئے تاکہ امپھال سے چوراچند پور جانے والے راستے کو بلاک کر سکیں۔ ضلع چوراچند پور میں جالینگپائی علاقے کے قریب مسلح افراد نے ہوا میںفائرنگ کی۔ کوکی اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، کوکی انپی چوراچند پور اور کوکی ویمن یونین سمیت مختلف کوکی تنظیموں نے کوکی سول سوسائٹی آرگنائزیشن کے بینر تلے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ جب تک کوکی ۔میتی تنازعے کو حل نہیں کیاجاتا ،ہم اپنے ضلع میں کسی بھی میتی شخص، عہدیدار یا تنظیم کو آنے کی اجازت نہیں دیں گے۔یہ احتجاج اس وقت ہوا جب وزیر اعلیٰ بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی ونگزاگین والٹے کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے گئے تھے۔






