حریت وفدکا کراچی میں جماعت اسلامی کے دفترادارہ نورِ حق کا دورہ
منعم ظفر خان اور راجہ عارف سلطان سے ملاقات، ریلی میں شرکت کی دعوت
کراچی: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کے ایک وفد نے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں کراچی میںجماعت اسلامی کے مرکزی دفتر ادارہ نورِ حق کا دورہ کیا اور امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اور مرکزی رہنما راجہ عارف سلطان سے ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملاقات کا بنیادی مقصد شہید برہان مظفر وانی کے دسویں یومِ شہادت کے موقع پر 8 جولائی کو منعقد ہونے والی ریلی میں شرکت کی دعوت دینا اور مسئلہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے جاری ریاستی دہشت گردی، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل، غیر قانونی گرفتاریوں اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا پیدائشی اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مو¿ثر کردار ادا کریں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ آزادی کشمیر سے جماعت اسلامی کا تعلق محض سیاسی نہیں بلکہ ایمانی، نظریاتی اور تاریخی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلباءکے ہزاروں کارکنان نے تحریکِ آزادی کشمیر میں عملی کردار ادا کیا، جن میں سے سینکڑوں کارکنان نے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد اور کشمیر کی مکمل آزادی تک ہر سطح پر اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔انہوں نے حریت کانفرنس کے وفد کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی 8 جولائی کی ریلی میں بھرپور شرکت اور مکمل تعاون کرے گی۔ دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیر کی آزادی، حقِ خودارادیت کے حصول اور مظلوم کشمیری عوام کی آواز عالمی سطح پر مو¿ثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔وفد میں حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد، شیخ عبدالمتین، زاہد صفی، شیخ عبدالماجد اور سیکریٹری اطلاعات امتیاز وانی بھی شامل تھے۔






