APHC-AJK

بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے مظفرآباد میں احتجاجی ریلی

مظفرآباد :  بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے آزادجموں وکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں آج احتجاجی مظاہرہ اورریلی نکالی گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ نے کیا تھا اور اس کی قیادت اس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔مقررین نے کہا کہ حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور بھارت سے مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ مقررین نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں مداخلت نہ کرتیں تو بھارتی فوج کو رسوا ہوکر متنازعہ خطے سے نکلنا پڑتا۔مقررین نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ پورے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔انہوںنے کہا کہ بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی چھین رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں اپنی آزادی کا جشن منانے کا کوئی حق نہیں کیونکہ اسے جموں و کشمیر میں ایک غاصب کی حیثیت حاصل ہے۔مقررین نے کہا کہ خطے میں کشمیریوں کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت آئے روز انسانیت کا گلا گھونٹ رہا ہے لیکن عالمی برادری اور مہذب قومیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنا دوہرا معیار ترک کرے اور بھارت کو مظالم سے روک دے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے کا اپناوعدہ پورا کرے۔ ریلی کے شرکاءنے پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔پریس کلب سے علمدار چوک تک ریلی کے شرکاءمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد، کشمیرلبریشن سیل کے ڈائریکٹر راجہ سجاد، سیکرٹری تعلیم چوہدری عبدالرحمٰن، غلام حسن بٹ، عزیر غزالی، شوکت کشمیری، شگفتہ بخاری، شیخ جمیل الرحمان، شوکت جاوید میر، راجہ خادم حسین ،شیخ عبدالماجد،محمد اشرف ڈار، زاہد اشرف، مشتاق الاسلام، عبدالمجید میر اور دیگر شامل تھے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button