APHC-AJK

حریت وفد کی کشمیر ہاوس اسلام آباد میں صدرآزادکشمیر سے ملاقات

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیرشاخ کے ایک وفد نے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں کشمیر ہائوس اسلام آباد میں آزادجموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر آزاد کشمیر نے حریت وفد کا پرتپاک استقبال کیا ۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آزاد کشمیر کا بچہ بچہ انکی آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑاہے اور ہماری یہ جدو جہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک مقبوضہ جموں و کشمیر بھارت کے جابررانہ اور غاصبانہ قبضے سے آزاد نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر ہم آواز اور متحد ہیں اور ہمیں امید ہے کہ حکومت پاکستان اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں بھی مسئلہ کشمیر پر ایک ہوں گی اور اسے اپنی ترجیحات میں شامل کریں گی۔انہوں نے کہاکہ میں نے آزاد کشمیر کی تمام یونیورسٹیوںمیں کشمیریات کو لازمی مضمون قرار دیا ہے اور میں آزاد کشمیر کی تمام جامعات کے طلباء و طالبات اور نوجوانوں سے کہوں گا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم اور بربریت کو اجاگر کریں۔انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بند کرانے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لیے اپناکردار ادا کرے۔صدرنے کہاکہ بھارت نے 5اگست 2019کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس سے کشمیری عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نہ صرف مقبوضہ جموں و کشمیر بلکہ بھارت میں بھی مسلمانوں، سکھوں، عیسائیوں اوردیگر اقلیتوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت کے ظلم و تشدد کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاوہ وقت دور نہیں جب بھارت کا شیرازہ بکھر جائے گا اور اس کے ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں گے۔ کنوینر غلام محمد صفی نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے صدرآزادکشمیرکی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہم ملکرہر فورم پر مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے آواز اٹھائیں گے۔حریت وفد میں ایڈووکیٹ پرویزاحمد شاہ، محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، شمیم شال، حسن البنائ، شیخ عبدالمتین، سید فیض نقشبندی، شیخ یعقوب، میاں مظفراوردیگررہنما شامل تھے جبکہ صدر آزاد کشمیر کے مشیر چوہدری نصیر احمد اور سردار امتیاز خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button