معرکہ حق محض ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ ایک ہمہ جہت قومی حکمتِ عملی کامظہرہے : غلام محمد صفی

مظفرآباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے معرکہ حق کو محض ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ ایک ہمہ جہت قومی حکمتِ عملی کامظہر قرار دیا جس میں عسکری بصیرت، سیاسی تدبر اور موثر سفارت کاری کا عملی امتزاج نمایاں نظر آتا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد صفی نے مظفرآباد میں ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام ایک اہم جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ معرکہ اس حقیقت کا غماز ہے کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع میں مستحکم ہے بلکہ اصولی موقف کے ساتھ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے بھی سنجیدہ کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت افروز قیادت میں پاکستان ایک مضبوط، باوقار اور ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر عالمی منظرنامے پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے نہ صرف دفاعی میدان میں برتری حاصل کی بلکہ پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور جدید حکمتِ عملی کے ذریعے دشمن کے عزائم کو موثر انداز میں ناکام بنایا، جس سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ ‘معرکہ حق نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور اصولی موقف پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ یہ کامیابی نہ صرف عسکری میدان میں بلکہ سفارتی اور نظریاتی محاذ پر بھی پاکستان کی مضبوطی کا مظہر ہے جس نے عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو مزید تقویت بخشی ہے۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی موثر سفارت کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور بھارت کے یکطرفہ اقدامات کو بے نقاب کرنے میں پاکستان کی سیاسی قیادت کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان ہم آہنگی نے پاکستان کو ایک بااعتماد اور باوقار ریاست کے طور پر منوایا ہے۔حریت کنوینرنے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی منظم کوششوں اور جابرانہ قوانین کے ذریعے کشمیری عوام کی آواز دبانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اپنی منزل کے حصول تک جاری رہے گی اور حریت کانفرنس ہر سطح پر ان کی نمائندگی کرتی رہے گی۔ اجلاس کے شرکاءنے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے اصولی موقف کی بھرپور تائید کی۔





