بھارت حق اور سچ کی آواز کو آمرانہ ہتھکنڈوں سے ہرگز دبا نہیں سکتا، میر واعظ عمر فاروق

سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت علاقے میں حق اور سچ کو آواز کو طاقت ، جبر اور آمرانہ ہتھکنڈوں سے ہرگز دبانہیں سکتا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ِ، جنہیں بھارتی انتظامیہ نے گزشتہ روز سرینگر میں گھر میں نظر بند رکھ کر نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی، اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ آمرانہ اقدامات اس اس حقیقت کو واضح کرتے ہیں کہ کشمیریوں کے مذہبی اوردیگر معاملات پر آواز اٹھانے کی گنجائش مسلسل محدود کی جا رہی ہے اور ایسے مسائل اجاگر کرنے والوں کو مختلف نوعیت کی پابندیوں اور انتقامی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاہم گرفتاریوں، نظر بندیوں اور پابندیوں کے ذریعے حق پر مبنی آوازں کوہر گز دبایا نہیں جاسکتا۔
میر واعظ نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ انتظامیہ نے انہیں ایک بار پھر اپنے ہی گھر میں نظر بند کر دیا جس کے سبب وہ تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی سے محروم رہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ان کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔میر واعظ نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں سور کے گوشت کی آن لائن فروخت پر ” متحدہ مجلسِ علما ”کی جانب سے اظہار تشویش کے فورا بعد گھر میں ان کی نظر بندی کا اقدام کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔








