کوئٹہ:حسن البنا کی وکلاء قیادت سے ملاقات، مقبوضہ کشمیرکی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا

کوئٹہ:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما حسن البنا نے بلوچستان بار کونسل کی دعوت پر وکلا قیادت اور ملک کے ممتاز قانون دانوں سے ملاقات میں انہیں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر جاری جاری مظالم سے آگاہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملاقات میں بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ایڈووکیٹ سپریم کورٹ راہب خان بلیدی، معروف قانون دان علی احمد کرد ایڈووکیٹ سمیت وکلا برادری کے دیگر نمائندے موجود تھے۔ حسن البنا نے کہا کہ بھارتی قبضے کا شکار کشمیری عوام کو شدید مشکلات، پابندیوں اور بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے ، حریت رہنمائوں ،کارکنوں ، وکلا ، طلباء صحافیوں سمیت ہزاروں کشمیری بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طورپربندہیں جہاں انہیںطبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے اور انہیں اپنے مقدمات کی موثر پیروی کے مواقع بھی فراہم نہیں کیے جا رہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت انسانی حقوق کے کشمیری کارکنوں کو بھی نشانہ بنا رہا اور اس نے مقبوضہ علاقے میں اظہارِ رائے کی آزادی کا حق مکمل طورپر سلب کر رکھا ہے ، علاقے میںصحافتی آزادی پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔
حسن البنا ء نے بلوچستان کی وکلا برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور کشمیری نظربندوں کی حالت زار کو عالمی قانونی فورمز پر اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے ر اہب خان بلیدی اور علی احمد کرد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی وکلا برادری کشمیری کاز کے حوالے سے اپنے کردار میں مزید تیزی لائے گی۔





