جنتر منتر مظاہرین کو مبینہ دہشت گرد ماڈیول سے جوڑنے پر امرتسر پولیس کمشنر کو ہٹا دیاگیا

امرتسر: بھارت کے دارلحکومت نئی دلی میں جنتر منتر کے مقام پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کو مبینہ دہشت گرد ماڈیول سے منسلک کرنے والی متنازع سوشل میڈیا پوسٹس کے معاملے پر پولیس کمشنر امرتسرگورپریت سنگھ بھلر کو ان کے عہدے سے ہٹا دیاگیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گورپریت سنگھ بھلر کو 4اگست کو کی گئی پریس کانفرنس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ہٹایاگیاہے جس میں انہوں نے احتجاجی مظاہرین کو مبینہ طورپردہشت گرد ماڈیول سے جوڑنے کی کوشش کی تھی ۔پنجاب پولیس نے جمعرات کو جاری کردہ وضاحت میں کہا تھاکہ جنتر منتر کے مظاہرین اور مذکورہ دہشت گرد ماڈیول کے درمیان کسی قسم کا کوئی تعلق موجود نہیں ہے اور سوشل میڈیا پر پھیلایا جانے والا تاثر گمراہ کن ہے۔پولیس کے ترجمان نے مزیدکہا کہ گورپریت سنگھ بھلر کی پریس کانفرنس کی آڈیو یا حقائق میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا، تاہم ویڈیو کے مخصوص حصوں کو کاٹ کر اور ان کے ساتھ گمراہ کن کیپشنز شامل کرکے اصل تناظر کو مسخ کیا گیا۔ایسی پوسٹس کے ذمہ دار افراد کے خلاف انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی بھی شروع کی جا رہی ہے۔








