دفعہ370کی بحالی کے لیے جدوجہد ہمارا حق ہے، التجا مفتی

سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما التجا مفتی نے کہا ہے کہ دفعہ370کی بحالی کے لیے جدوجہد کرناہمارا حق ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی اور ان کی صاحبزادی التجا مفتی کے خلاف منگل کودفعہ 370کی منسوخی کے خلاف پی ڈی پی کے احتجاج کے دوران ایک پولیس افسر پر مبینہ حملے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔دونوں رہنمائوں کے خلاف بھارتیہ نیایا سنہیتاکی دفعات 132، 121اور 191(2)کے تحت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے مطالبے کے حق میں احتجاج کے دوران پولیس افسر پر مبینہ حملے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔آج کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن میں ان سے تقریبا دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی،بعدازاںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے التجا مفتی نے کہا کہ میں یہاں ہر کشمیری کے حقوق کے لیے لڑنے آئی ہوں، یہ میری ذاتی لڑائی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے ہر شہری کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔ انہوں نے پولیس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔انہوں نے مزیدکہاکہ وہ پولیس کی جانب سے طلب کی جانے والی پہلی نہ ہی آخری کشمیری لڑکی ہیں۔







