بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی

سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے، جس کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق طے ہونا ابھی باقی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈ م پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ خطے میں بنیادی انسانی، سیاسی اور مذہبی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی آزادی پر قدغنیں اور سیاسی قیادت کو دبانے کے اقدامات کسی بھی صورت مسئلے کے حل میں معاون ثابت نہیں ہو سکتے۔ترجمان نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں، سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مذہبی آزادی پر عائد مسلسل پابندیوں کا فوری نوٹس لیں۔
ترجمان نے سینئر حریت رہنما میرواعظ عمر فاروق کو سرینگر میں گھر میں نظر بند کر کے جمعہ کی نماز کی ادائیگی کیلئے جامع مسجد جانے سے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ انکی نظر بندی فوری طور پر ختم کرے اور ان سمیت تمام مذہبی و سیاسی رہنمائوںکو بنیادی حقوق فراہم کریں،۔ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پائیدار امن، انصاف اور استحکام اسی وقت ممکن ہے جب جموں و کشمیر تنازعہ کا اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل تلاش کیا جائے ۔





