معرکہ حق کے دوران پاکستان کی سائبر فورس نے بھارت کی ڈیجیٹل کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا: رپورٹ
اسلام آباد : آپریشن سندور کے جواب میں معرکہ حق کے دوران پاکستان کی سائبر فورس نے ایک مربوط سائبر مہم چلاتے ہوئے بھارت کی 54 سرکاری ویب سائٹس اور اہم ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جس سے سائبر سکیورٹی میں موجود بھارت کی سنگین کمزوریاں بے نقاب ہوگئیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس کارروائی سے وہ کمزوریاں بھی بے نقاب ہوگئیںجنہیں بھارت طویل عرصے سے اپنی تکنیکی برتری کے دعوﺅں کے پیچھے چھپانے کی کوشش کرتا رہا ہے۔سائبر حملوں کے بعد بھارتی حکام نے بڑے پیمانے پر ”ہنٹنگ آپریشنز“ شروع کیے۔ بھارتی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے پانچ ریاستوں میں پانچ مقامات پر چھاپے مارے اور دو افراد کو گرفتار کر لیا۔یہ کیس ابتدائی طور پر گجرات کے انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ نے درج کیا تھا۔اطلاعات کے مطابق قبضے میں لیے گئے آلات کے فرانزک تجزیے کے بعد تفتیش کاروں نے ایک وسیع تر نیٹ ورک کی چھان بین شروع کی اور ایک بار پھر پاکستان سے روابط کا الزام عائد کیا۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چھاپے اور گرفتاریاں دراصل سائبر سکیورٹی میں ہونے والی خلاف ورزی کی سنگینی کے اعتراف کی عکاسی کرتی ہیں۔ اس اقدام سے یہ سوال بھی کھڑا ہوگیا کہ آیا نظام کی سائبر سکیورٹی کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے بے گناہ افراد کو ”غیر ملکی روابط“ کے الزامات سے جوڑا جا رہا ہے۔یہ واقعہ اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ جدید جنگ اب صرف زمین، فضا اور سمندر تک محدود نہیں رہی اور سائبر محاذ پر موجود ایک واحد کمزوری بھی کسی ملک کے ناقابلِ تسخیر ڈیجیٹل اور عسکری دفاع کے دعوﺅں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔








