بھارت کی انتہا پسند حکومت علاقائی امن کے لیے مستقل خطرہ ہے
لاہور: بھارت کی ہندو انتہا پسند حکومت علاقائی امن کے لیے مستقل خطرہ بن گئی ہے اورمودی حکومت نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی بھی جاری رکھی ہوئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مودی حکومت کبھی آزاد جموں وکشمیر میں دراندازی کررہی ہے تو کبھی دہشت گردوں کی پشت پناہی میں سرگرم نظر آتی ہے۔ حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے بعد پاکستان کو اب بھارت کی جانب سے آبی دہشت گردی کا سامنا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق بھارت نے بغیر پیشگی اطلاع کے دریائے راوی اور دریائے چناب کے اسپل اوور کھول دیے جس کی وجہ سے پاکستان میں ہزاروں دیہات اور لاکھوں ایکڑ رقبہ زیرِ آب آ چکا ہے۔ بھارت کے بغیر وارننگ اچانک پانی چھوڑ دینے کی وجہ سے پاکستان میں ہنگامی صورتِ حال پیدا ہوئی ہے۔پنجاب کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کے بعد قادر آباد بیراج پر پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے اور پانی کی سطح 2 لاکھ کیوسک سے بڑھ کر 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہونے کا امکان ہے۔ دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کے مقام پر 40سے 55ہزار کیوسک پانی کا بہا ئومتوقع ہے جب کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے نچلی سطح پر سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے علاقہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔بھارت اپنی جارحانہ پالیسیوں اور آبی دہشت گردی کے ذریعے خطے کاامن تباہ کرنا چاہتاہے ۔ آخر کب تک مودی حکومت خطے میں دہشت گردی کو فروغ دیتی رہے گی؟