پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا، ائر چیف مارشل
کاکول:ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ گزشتہ برس مئی میں آپریشن بنیان المرصوص میں دشمن پاکستان کی طاقت اور ہنرمندی دیکھ کر دنگ رہ گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںکشمیر کے لوگوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو نےپاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آو¿ٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر امن کے لیے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، عالمی امن کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو خصوصی طور پرسراہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پریقین رکھتا ہے، معرکہ حق اور بنیان المرصوص میں پاک فوج کی حکمت عملی سب نے دیکھی، پاک فضائیہ نے ناصرف دشمن کے طیارے گرائے بلکہ تاریخ رقم کی۔
ائیر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ گزشتہ برس مئی میں دشمن پاکستان کی طاقت اور ہنرمندی دیکھ کر دنگ رہ گیا، پاکستان پر کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
قبل ازیں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پریڈ کا معائنہ کیا اور ٹریننگ کے دوران شاندار کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں۔
پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں 153 ویں پی ایم اےلانگ کورس، 38 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 72 ویں انٹیگریٹڈ کورس، 15 ویں مجاہد کورس اور27 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹ شامل تھے۔







