مقبوضہ جموں وکشمیر: ایم بی بی ایس انٹرنز کی امتیازی سلوک کے خلاف ہڑتال کی دھمکی
![]()
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ایم بی بی ایس انٹرنز نے امتیازی سلوک کے خلاف غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر جانے کی دھمکی دیتے ہوئے اپنے ماہانہ وظیفے میں خاطر خواہ اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انٹرنز نے کہا کہ موجودہ ماہانہ وظیفہ 12,300 روپے ان کے طویل اوقاتِ کار، ہنگامی ڈیوٹیوں، رات کی شفٹوں اور مریضوں کی نگہداشت سے متعلق اہم ذمہ داریوں کی عکاسی نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ وہ نظامِ صحت میں طبی سہولیات کی فراہمی کا ایک لازمی حصہ ہیں، تاہم موجودہ وظیفے کے نظام میں خصوصاً زندگی گزارنے کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے پیش نظر ان کی خدمات کی مناسب قدر نہیں کی جا رہی ۔انٹرنز کی ایسوسی ایشن نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وظیفے پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے ان کے کام کے بوجھ اور ذمہ داریوں کے مطابق مناسب سطح تک بڑھایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات اور شکایات کا فوری ازالہ نہ کیا گیا تو پورے علاقے میں صحت کی خدمات شدید متاثر اور تعطل کا شکار ہو سکتی ہیں۔





