یادگار پاکستان اسلام آباد میں بابائے حریت سید علی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت
اسلام آباد: بابائے حریت سید علی گیلانی کو ان کی پانچویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے یادگارپاکستان اسلام آبادمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں مختلف سیاسی،سماجی اور مذہبی شخصیات، کاروباری حضرات، طلباءاوراساتذہ نے شرکت کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ،مذہبی امور کے وزیرسردار محمد یوسف، جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر ڈاکٹر مشتاق احمد، نائب امیر انجینئر خالد محمود ،ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی ملک کفایت الرحمن، سویٹ ہومز کے چیئرمین زمرد خان، صدر کشمیر کونسل کینیڈا ارشد حسین، سابق ایم پی اے خیبر پختونخواعبد الستار،بشب صدیق امانت، بشپ امانت استرا، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یاسین، ماذن اسکولز و دارِ ارقم کے چیف ایگزیکٹو ملک محمد اظہر، ایمز اسکول کے ڈائریکٹر عبد الوہاب اورقائد اعظم یونیورسٹی اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ وفاقی وزراءنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائد حریت سید علی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کی پشت بانی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار اور عالمی سطح پر تنہا ہوچکا ہے ۔ دیگرمقررین نے بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی کی لازوال جدوجہد، بے مثال قربانیوں اور تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو شاندارخراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک عہد ساز شخصیت، عظیم حریت پسند رہنما اور نظریہ الحاقِ پاکستان کے مضبوط داعی تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے وقف کردی اور بھارتی ریاستی جبر، قید و بند اور بے پناہ مشکلات کے باوجود اپنے اصولی موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔مقررین نے کہا کہ سید علی گیلانی نے ”ہم پاکستانی ہیں،
پاکستان ہمارا ہے“ کا نعرہ صرف زبان سے نہیں لگایا بلکہ اسے اپنی پوری زندگی کے عمل سے ثابت کیا اور آخری دم تک اس نظریے پر ثابت قدم رہے۔انہوں نے کہا کہ سید گیلانی کی جدوجہد، قربانیاں اور نظریاتی استقامت کشمیری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ نظریہ الحاقِ پاکستان اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہماری ملی، قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سید علی گیلانی کی فکر، نظریے اور جدوجہد کو نئی نسل تک منتقل کیا جائے گا اور ان کے دیے ہوئے پیغام کو زندہ رکھا جائے گا۔ شرکاءنے بابائے حریت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے افکار و نظریات پر چلنے اور کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے الحاق پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے۔



