کشمیریوں کو مساوی حقوق حاصل ہونے کا بھارتی حکومت کا دعویٰ سفید جھوٹ ہے: محبوبہ مفتی
سرینگر 04 ستمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ کشمیریوں کو مساوی حقوق حاصل ہونے کا بھارتی حکومت کا دعویٰ سفید جھوٹ ہے کیونکہ کشمیریوں کے تمام بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی حکومت کا دعویٰ کہ جموںوکشمیر کے عوام کو یکساں حقوق حاصل ہیں ، ایک سفید جھوٹ ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ان کے بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت جس آسانی سے مواصلاتی ناکہ بندی سمیت کشمیر کا محاصرہ کرتی ہے اور ہروقت لوگوں سے ردعمل کا توقع رکھتی ہے ، وہ پریشان کن اور انتہائی بے حسی ہے۔قابض حکام نے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال کے بعد بدھ کی رات کو مقبوضہ جموںوکشمیر میں کرفیو اور مواصلات ناکہ بندی نافذ کی تھی۔ محبوبہ مفتی نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ لوگوں کے جذبات کو دبانے کی غرض سے خوف ودہشت پھیلانے اور مظالم ڈھانے کی حکومتی کارروائیوںکے الٹے نتائج ہو نگے کیونکہ جذبات اورا حساسات کو اس طرح کے ہتھکندوں سے دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ دھوکہ دہی ، مظلومیت اور غصے کے یہ احساسات جذب ہوکر ایک نسل سے دوسری نسل کو منتقل ہوجاتے ہیں۔