بھارت متنازعہ جموں و کشمیر کو اپنی کالونی سمجھ رہا ہے: سول سوسائٹی
سرینگر: سول سوسائٹی کے ارکان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ بھارت تنازعہ کشمیر کو تین دہائیوں سے زیادہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہا ہے اور علاقے کو اپنی کالونی سمجھ رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سول سوسائٹی کے ارکان نے سرینگر میں ایک اجلاس میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کو تمام بنیادی حقوق سے محروم کر کے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ علاقے کے لوگوں کے تمام جمہوری حقوق بحال کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرتے ہوئے بھارتی آئین کی توہین کی ہے۔اراکین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں عوام کے حقوق کو پامال کرنے پر نریندر مودی حکومت کا محاسبہ کرے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے محروم کر دیا گیا ہے اور ان کے آئینی اور جمہوری حقوق کو سلب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ جموں و کشمیر میں مایوسی اپنی عروج پر ہے اور وادی کشمیر میں سیاسی اور معاشی سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں ۔