بی جے پی کا گنٹورشہرمیں واقع تاریخی جناح ٹاورکا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد03فروری (کے ایم ایس)
بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے کارکنوں نے ریاست آندھرا پردیش کے شہر گنٹور میں قائم تاریخی جناح ٹاور کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
79سال سے قائم جناح ٹاور کو گزشتہ روز بھارتی پرچم کے رنگ میں رنگ دیاگیا تھا جبکہ بی جے پی کے کارکنوں نے 26جنوری کو جناح ٹاور پر بھارتی جھنڈا لہرانے کی بھی کوشش کی تھی۔ مقامی رکن اسمبلی محمد مصطفی نے گزشتہ روز جناح ٹاور کو ہندوتوا جماعتوں کے کارکنوں کی شرانگیزی کو دیکھتے ہوئے شہر میں آباد مسلمانوں کی مشاورت سے بھارتی جھنڈے کے رنگ میں رنگ دیا تھا ۔ ان کا کہنا تھاکہ کئی مسلم شخصیات نے آزادی کی جدوجہد کے دوران انگریزوں کے خلاف لڑائی لڑی اور آزادی حاصل کرنے کے بعد کچھ مسلمان پاکستان میں آباد ہو گئے لیکن ہم نے ہندوستانیوں کے طور پر یہاں ہی رہنے کا فیصلہ کیا ۔تاہم بی جے پی کے کارکنوں کی طرف سے انتخابی فائدے کیلئے جناح ٹاور کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ شدت اختیار کر گیا ہے ۔