مقبوضہ جموں وکشمیر:افضل گورو کی شہادت کی برسی پر ہڑتال
سرینگر09فروری( کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کشمیر کے سپوت محمد افضل گورو کی شہادت کی برسی پر آج مکمل ہڑتال ہے۔
ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ ، میر واعظ عمر فاروق اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے دی ہے۔
دکانین اور کاروباری مراکز بند ہیںجبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت انتہائی محدود ہے۔ ہڑتال کا مقصدنئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں مدفون شہید محمد افضل گورو اور تحریک آزادی کے معروف رہنما محمد مقبول بٹ کی میتوں کی اسلامی طریقے سے تدفین کیلئے انکی واپسی کے مطالبے پر زور دینا ہے۔ مسرت عالم بٹ ، میر واعظ عمر فاروق اور جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ نے گیارہ فروری بروز جمعہ محمد مقبول بٹ کی شہادت کی برسی پر بھی ہڑتال کی کال دی ہے۔بھارت نے تحریک آزادی میں سرگرم کردار ادا کرنے کی پاداش میں محمد افضل گورو کو 9فروری 2013جبکہ محمد مقبول بٹ کو 11فروری1984کوتہاڑ جیل میں تختہ دار پر لٹکا کر انکے جسد خاکی جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دیے تھے۔
قابض انتظامیہ نے محمد افضل گورو اور مقبول بٹ کے پھانسی اور بھارت کی مسلسل ریاستی دہشت گردی کے خلاف کشمیریوں کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے مقبوضہ وادی میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔