سال ہا سال کی نظربندی سید علی گیلانی کے پائے استقلال میں لغزش پیدا نہ کرسکی: عزیر غزالی
مظفرآباد05 ستمبر (کے ایم ایس) پاسبان حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین عزیراحمدغزالی نے بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے آخری سانس تک بھارت سے آزادی کیلئے جدوجہد کرتے رہے اور سال ہا سال کی نظربندی انکے پائے استقلال میں لغزش پیدا نہیں کرسکی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق عزیراحمدغزالی نے مظفر آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ سید علی گیلانی نے بھارتی فوجی استعمار سے مظلوم کشمیری عوام کی آزادی اور حقوق کیلئے لازوال جدوجہد کی اور اپنی پوری زندگی ریاست کی آزادی کیلئے وقف کی۔ عزیراحمدغزالی نے کہاکہ بھارت جہاں حیات گیلانی سے خوف زدہ تھا وہیںان کے جسد خاکی سے بھی لرزہ براندام رہا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بابائے حریت کی عظیم، انمٹ اور مسلسل جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات کا عزم کرچکے ہیں کہ بھارت سے آزادی کے بابائے حریت اور لاکھوں شہداءکے خواب کو ہر صورت شرمندہ تعبیر کیا جائے گا۔انہوں نے بابائے حریت کے جنازے پر پابندیوں،بندوق کی نوک پر میت کو قبضے میں لینے اوررات کے اندھیرے میں زبردستی دفنائے جانے کو بھارت کے نام نہاد جمہوری چہرے پر بد نما داغ قراردیا ۔ انہوں نے کہاکہ لاکھوں عوام کو گیلانی صاحب کے جنازے میں شرکت سے روک کر انکے دینی فریضے کو پامال کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بابائے حریت کے اہلخانہ پر مقدمات کا اندارج بھارتی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ اورریاستی دہشت گردی کی کارروائی ہے۔عزیر غزالی نے کہا کہ کشمیری عوام بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی کو ایک عظیم رہنما کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی دنیا بھر کے انسانوں کے حقوق کے علمبردار تھے اور انہوں نے ہمیشہ انسانی حقوق کے لئے آواز اٹھائی ہے۔