مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت تسلط سے آزادی کی کشمیریوں کی جدوجہد ضرورکامیابی سے ہمکنار ہو گی،منیر اکرم

اقوام متحدہ04فروری (کے ایم ایس)
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے یقین ظاہر کیاہے کہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول اور بھارت کے غیرقانونی تسلط سے آزادی کی جدوجہد ضرورکامیابی سے ہمکنار ہو گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق منیر اکرم نے نیویارک میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اقوام متحدہ کیمونٹی کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور ناقابل تنسیخ حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ بھارتی جارحیت اور دبائو کے خلاف اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہی ہے اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں حق خود ارادیت کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ 1948 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں اس بات کو واضح کیا گیا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق کیا جائے گا ۔منیر اکرم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے حقوق کی پرزور وکالت کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے اور دنیا کو باور کرایا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و سلامتی کے لیے تنازعہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس بات کی دوبارہ توثیق کی ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کا موقف اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل نے گزشتہ 2برس کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر غور کے لیے 3 اجلاس منعقد کئے ۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر، انسانی حقوق کے ہائی کمشنر و انسانی حقوق کے دیگر ماہرین، خصوصی مندوبین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے کئی مواقع پر مقبوض کشمیر میں بڑے پیمانے پر جاری بھارتی مظالم ، جارحیت اور جرائم پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیویارک میں پاکستان کا مستقل مشن ہر فورم پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی وکالت اور اسے اجاگر اور جموں و کشمیرمیں بھارت کے ظالمانہ جبر اور غیرقانونی قبضے کو بے نقاب کرتا رہے گا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button