عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے پر امن حل اور کشمیری
نظربندوں کی رہائی کیلئے فوری اقدامات کرے ، یوسف نسیم
لندن: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںو کشمیر شاخ کے سینئر رہنما سید یوسف نسیم نے مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل، کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے عالمی برادری سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید یوسف نسیم نے لندن سے جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ، امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین، اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کہ کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے اس تنازعہ کے دیرپاحل کیلئے عملی کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود حل طلب دیرینہ تنازعات میں سے ایک ہے اور کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے حق خودارادیت کے منتظر ہیں۔
انہوں نے تنازعہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد، کشمیری عوام کی سیاسی خواہشات کے احترام، انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کے تحفظ، سیاسی نظربندوں کی رہائی اور پاکستان و بھارت کے درمیان بامقصد مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا پائیدار حل پر بھی زوردیا۔
دستاویز میں شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک اور مسرت عالم بٹ سمیت دیگر کشمیری سیاسی رہنماں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آسیہ اندرابی اور ان کی دو خواتین ساتھیوں کی آزادی اور تمام زیرحراست افراد کو منصفانہ قانونی کارروائی اور بنیادی حقوق فراہم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
سید یوسف نسیم نے عالمی برادری پر زوردیاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ، مسلسل اور نتیجہ خیز مذاکرات کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے اور مذاکراتی عمل میں کشمیری عوام کی حقیقی نمائندگی کو بھی یقینی بنایا جاناچاہیے۔انہوں نے واضح کیاکہ کشمیری عوام تصادم اور تشدد نہیں بلکہ امن، انصاف، انسانی وقار، بنیادی حقوق اور اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق چاہتے ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ تنازعہ کشمیر کے دیرپا حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام قائم نہیں ہو سکتا ۔







