بھارت ایک منظم منصوبے کے تحت کشمیریوں کو عمر بھر کیلئے معذور بنا رہاہے، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے کہاہے کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ایک منظم منصوبے کے تحت ظلم و تشدد کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرکے کشمیریوں کو عمر بھر کیلئے معذور بنا رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر رہنمائوں محمود احمد ساغر، محمد فاروق رحمانی، پرویز احمد شاہ اور مشتاق احمد بٹ نے ان خیالات کا اظہارخصوصی افراد کے عالمی دن کے موقعہ پر جاری ایک بیان میں کیا۔ حریت رہنمائوں نے بھارت کے وحشیانہ اور غیر انسانی مظالم سے متاثرہ کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی فورسز نے غیر قانونی تسلط سے آزادی کا مطالبہ کرنے والے کشمیریوں کووحشیانہ ظلم و جبر اور غیر انسانی ہتھکنڈے استعمال کر کے عمر بھر کیلئے معذور اور محتاج بنارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجی چھاپوں کے دوران کشمیریوں خصوصا نوجوانوں کو گرفتار کر نے کے بعد تفتیشی مراکز میں بجلی کے جھٹکے ، جسم کو جلانے،،ناخن کھینچنے اور الٹا لٹکانے جیسے تشدد کے وحشیانہ ہتھکنڈوں کانشانہ بناتے ہیں۔انہوں نے مذید کہا کہ بھارتی فورسز پر امن مظاہرین کے خلاف مہلک پیلٹ گنز کا استعمال کر کے کشمیریوں کو آزادی کامطالبہ کرنے پر بینائی جیسی عظیم نعمت سے تا حیات محروم کررہے ہیں۔انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ انسانی حقوق کی بین الاقومی تنظیموں اورعالمی برادری کی طرف سے سخت تشویش کے اظہار کے باوجود مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر نہ تھمنے والی بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے ۔ حریت رہنمائوں نے انسانی حقوق کی جملہ تنظیموں،اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کو رکوانے اورکشمیریوں کو انکا حق خوداردیت دلانے کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں ۔