APHC-AJK

حریت کنوینر غلام محمد صفی کی طرف سے شہدائے سوپور کو شاندار خراج عقیدت

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے 6جنوری 1993کے شہدائے سوپور کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد صفی نے سوپور قتل عام کے 33برس مکمل ہونے کے موقع پر جاری ایک بیان میں کہاکہ ہم شہدا کے حقیقی وارث ہیں اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے سوپور میں بھارتی فورسز کی جانب سے کیے گئے بہیمانہ قتلِ عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم نے آزادی، وقار اور حق خودارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان شا اللہ شہداء کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیری عوام اپنی جائز جدوجہد میں سرخرو ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سوپور قتل عام کو 33 برس مکمل ہونے کے بعد بھی اس اندوہناک سانحے کے زخم آج بھی کشمیری عوام کے دلوں میں تازہ ہیں۔ 6جنوری 1993کو بھارتی قابض فورسز نے سوپور میں نہتے شہریوں کے خلاف اندھا دھند طاقت کا استعمال کرتے ہوئے 60سے زائد کشمیریوں کو شہیدکردیاتھا۔ یہ سانحہ کشمیرکی تاریخ کے بدترین واقعات میں سے ایک ہے، جس نے کشمیریوں کے اجتماعی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں نے سوپور بازار میں سینکڑوں عمارتوں کو آگ لگا دی، راہگیروں پر بلا امتیاز فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 60سے زائد افراد شہید ہوئے جبکہ 350سے زائد دکانیں اور 140سے زائد گھروں کوبھی نذرِ آتش کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ایک مسافر بس پر فائرنگ کے بعد اسے آگ لگا دی گئی، جس کے نتیجے میں 20سے زائد مسافر زندہ جل گئے۔ اسی سانحے کے دوران ایک خاتون سے اس کے 6ماہ کے شیر خوار بچے کو چھین کر آگ میں پھینک دیا گیا اور ماں کو گولیوں سے شہید کر دیا گیا۔یہ واقعات بھارتی فورسز کے غیر انسانی رویے اور سنگین جنگی جرائم کا کھلا ثبوت ہیں۔حریت کنوینر نے مزید کہا کہ یو این ایچ سی آر کے مطابق سوپور قتل عام کشمیری عوام کے خلاف ریاستی ظلم و ستم کا واضح ثبوت ہے، جہاں نہتے شہریوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا۔ یہ خونریزی نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی تھی بلکہ ریاستی طاقت کے بے جا اور غیر قانونی استعمال کی عکاس بھی ہے۔ غلام محمد صفی نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ سوپور قتل عام سمیت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے تمام جنگی جرائم کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائیں ، مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں اور کشمیری عوام کے اقوامِ متحدہ کے تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کے نفاذ کے لیے عملی اور موثر اقدامات کریں۔ انہوں نے شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھنے کے کشمیریوںکے عزم کا اعادہ کیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button