ہائی کورٹ نے کالے قانون کے تحت ذیشان شفیع کی نظربندی کالعدم قرار دے دی ، فوری رہائی کا حکم
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ذیشان شفیع شیخ کی نظربندی کالعدم قراردیتے ہوئے اس کی فوری رہائی کا حکم دیاہے۔
عدالت نے کہا کہ حکام نے ایک کھوکھلی دستاویز (ڈوزیئر)کی بنیاد پر کارروائی کی ہے اور اس شخص کی ذاتی آزادی کو محدود کرنے کے لیے کوئی حقائق یا قانونی بنیاد ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ جسٹس راہول بھارتی نے ذیشان شفیع شیخ کی طرف سے دائر کی گئی درخواست کو قبول کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انہیں جموں کی کوٹ بھلوال سنٹرل جیل سے فوری طور پررہا کیا جائے۔
عدالت نے پولیس حکام کے اس رویے پر خاص طور پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا کہ وہ شیخ کو بدستور ایک ایسے مجرمانہ مقدمے کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں جس میں وہ پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔ جج نے اسلام آباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(ایس ایس پی)کے اختیار کردہ طرزِ عمل کی وضاحت کے لیے یہ کہاوت بیان کی: کسی کتے کو بدنام کر دو اور پھر اسے پھانسی دے دو۔
ذیشان شیخ نے اپنے والد محمد شفیع شیخ کے ذریعے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس میں انہوں نے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی سے رہائی کی استدعا کی تھی۔ وہ 9اگست 2025سے نظربند ہیں اور انہیں جموں کی کوٹ بھلوال سینٹرل جیل میں رکھا گیاہے۔نظربندی ایس ایس پی اسلام آباد کی جانب سے 5اگست 2025کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو لکھے گئے ایک خط اور اس کے ساتھ پیش کردہ دستاویزات (ڈوزیئر)) کی بنیاد پر کی گئی تھی۔
نظربندی کی وجوہات میں ذیشان شیخ کے خلاف ضلع کولگام کے تھانہ قاضی گنڈ میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت درج ایف آئی آرمیں ان کی نامزدگی کا حوالہ دیا گیا تھا۔ تاہم 3 جولائی 2025 کو انہیں اس مقدمے سے بری کر دیا گیاتھا۔
واضح رہے بی جے پی حکومت نے اگست 2019کے بعدجب علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کردی گئی تھی، کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنانے کے لئے انہیںمختلف بہانوں سے گرفتار اورنظربند کرنے کاسلسلہ تیزکردیاہے۔



