آزادی اظہار رائے کو ریڈ لائنز عبور کرنے والوں کے لیے ڈھال نہیں بننے دیا جا سکتا:محسن نقوی
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کو ریاست کی مقرر کردہ ریڈ لائنز عبور کرنے والوں کے لیے ڈھال نہیں بننے دیا جا سکتا اور سوشل میڈیا پر ذمہ داری سے کام لینا ہوگا۔
سلام آباد میں ادارہ برائے پائیدار ترقیاتی پالیسی کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ریاست کے لیے 4ریڈ لائنز ہیںجن میں دہشت گردی، نفرت انگیز تقاریر، تشدد پر اکسانا اور بچوں کا جنسی استحصال شامل ہیں۔ان 4 معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان نے دہشت گردی کی بھاری قیمت اپنے شہریوں کے خون سے ادا کی ہے۔ وزیر داخلہ کی حیثیت سے میں نے شہدا کے جنازوں میں شرکت کی ہے اور اکثر اوقات جان لینے والی نفرت کا آغاز موبائل فون سے ہوتا ہے۔
Mohsin Naqvi Speaking on international seminar, “Social media platforms and post truth era”
#minichatt #anxiouspandaa #teenagers https://t.co/ge5e0iihsR— MISHAL KHAN (@MishalKhanNDU12) November 24, 2026
محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے کی گئی شکایات میں سے صرف 47فیصد پر کارروائی کی۔یہ معاملہ ٹیکنالوجی کا نہیں بلکہ لوگوں کی زندگیوں کا ہے۔ حکومت آزادی اظہار رائے محدود کرنے کی بات نہیں کر رہی، صحافیوں کو رپورٹنگ، شہریوں کو سوال اٹھانے اور اختلاف رائے رکھنے والوں کو اپنی بات کہنے کا حق حاصل ہے جس میں حکومت پر تنقید بھی شامل ہے، تاہم آزادی اظہار رائے کو ریڈ لائنز عبور کرنے والوں کے لیے ڈھال نہیں بنایا جا سکتا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے پاس افرادی قوت، وسائل اور ٹیکنالوجی محدود ہیں۔ پنجاب کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے کی آبادی 140 ملین ہے، جبکہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں صرف 61اہلکار تعینات ہیں۔ان 61افراد میں ڈرائیور، کلرک اور افسران بھی شامل ہیں، اس لیے یہ کام اکیلے انجام نہیں دیا جا سکتا۔ اسی ضرورت کے پیش نظر سوشل میڈیا پروٹیکشن ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اب پالیسی سازی سے آگے بڑھ کر اس پر عمل درآمد کی طرف جانا ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، او ٹی ٹی سروسز اور بڑے کانٹینٹ کری ایٹرز کو اتھارٹی کے پاس رجسٹریشن کرانا ہوگی۔رجسٹریشن کسی کو خاموش کرانے کا لائسنس نہیں بلکہ اس کا مقصد یہ طے کرنا ہے کہ کسی خلاف ورزی کی صورت میں جواب دہ کون ہوگا۔
ہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو پاکستان کے لیے ایک بااختیار نمائندہ نامزد کرنا ہوگا جو حقیقی معنوں میں فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں کے لیے شکایات درج کرانے کا ایسا واحد نظام بھی ہونا چاہیے جس کے ذریعے وہ اپنی شکایت پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لے سکیں۔ حکومت این سی سی آئی اے کی تمام شکایات پاک آئی ڈی ایپ پر منتقل کر رہی ہے، جبکہ اتھارٹی ایک ایسا مرکزی نظام تیار کر رہی ہے جس میں شکایات کی مکمل نگرانی ممکن ہوگی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پروٹیکشن ریگولیٹری اتھارٹی اس بات کی تصدیق کرے گی کہ متعلقہ پلیٹ فارم نے شکایت پر کارروائی کی ہے یا نہیں۔قانون پر عمل درآمد مرحلہ وار ہوگا، پہلے متعلقہ پلیٹ فارمز سے رابطہ کیا جائے گا، پھر نوٹس جاری ہوگا اور اس کے بعد جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ کسی پورے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو بند کرنا آخری آپشن ہوگا، جبکہ حکومت کی جانب سے ہر درخواست واضح، قانونی اور نظرثانی کے قابل ہوگی۔






