بھارت

بھارت : تاریخی شاہی مقبرے، ایک درجن سے زائد مساجد اور مزارات کی مسماری غیر قانونی اور غیر آئینی ہے: مسلم پرسنل لا بورڈ

من مانی اور جارحانہ کارروائیاں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف دشمنی کے جذبے سے کی جا رہی ہیں

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی)نے بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں تاریخی شاہی مقبرے، ایک درجن سے زائد مساجد اور مزارات کی مسماری کی شدید مذمت کی ہے۔
یہ کارروائی 2028میں مہاکمبھ کے دوران شہر میں آنے والے یاتریوں کے لیے انتظامات کے نام پر کی گئی۔ بورڈ نے اس اقدام کو من مانا، غیر قانونی، بلاجواز اور غیر آئینی قرار دیا ہے۔ بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر ایس کیو آر الیاس نے مہاکمبھ کی تیاریوں کے نام پر تاریخی مساجد، مقبروں اور قدیم مزارات کی مسماری کو ریاستی سرپرستی میں من مانی اور ظلم و جبر قرار دیا ہے۔
بھارتی ریلوے نے 21نومبر کو پولیس اور پیراملٹری فورسز کی بھاری نفری کی موجودگی میں بلڈوزروں کے ذریعے مادھو نگر ریلوے اسٹیشن کے باہر واقع شاہی مقبرے اور ایک درجن سے زائد مساجد اور مزارات کو مسمار کر دیا۔ اس کارروائی میں مسجد قلندری اور وقف جائیداد کے متولی کی رہائش گاہ بھی مسمار کی گئی۔وقف کمیٹی کے صدر قاضی مولانا عارف ندوی کے مطابق زمین کی ملکیت کا تنازعہ ابھی تک بھوپال کے وقف ٹریبونل میں زیر سماعت ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی حکام نے ایک شخص کو فرضی کرایہ دار قرار دے کر یہ مسماری کی ۔
بورڈ نے کہا کہ جب معاملہ متعلقہ وقف ٹریبونل میں زیر سماعت تھا تو اس طرح کی جبری کارروائی نہیں کی جانی چاہیے تھی۔ اس کارروائی سے قدیم تاریخی ورثے کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔مسجد کمیٹی کا کہناہے کہ یہ مسجد تقریبا 636سال پرانی ہے اور 1390عیسوی میں تعمیر کی گئی تھی۔بورڈ نے کہا کہ اگر انتظامیہ کا مقصد واقعی عوامی سہولت کے لیے علاقے کو وسیع کرنا تھا تو وہ متبادل راستے اختیار کر سکتی تھی۔ ان میں سڑک کی دوسری جانب واقع عمارتوں کو مسمار کرنے کا آپشن بھی شامل تھا۔ تاہم انتظامیہ نے تاریخی مذہبی عمارتوں کو نشانہ بنانے کا انتخاب کیا۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے کہا کہ یہ کارروائی بھارتی آئین کی دفعات 14، 25اور 26کی خلاف ورزی ہے۔ اس کے علاوہ آئین کی دفعہ 300اے بھی متاثر ہوئی ہے جو حقِ ملکیت کا تحفظ کرتی ہے۔
ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ بورڈ مولانا عارف اور دیگر مقامی نمائندوں کی جانب سے عدالتوں سے رجوع کرنے کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ اس میں مقامی کمیٹی کا ہائی کورٹ میں کارروائی کو چیلنج کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بورڈ انہیں ہر ممکن قانونی اور اخلاقی مدد فراہم کرے گا۔
بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں تاریخی مساجد اور مزارات کی مسماری میں تیزی
ڈاکٹر الیاس نے تشویش ظاہر کی کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں مختلف حیلوں اور بہانوں سے تاریخی مساجد، مقبروں اور مزارات کو تیزی سے مسمار کیا جا رہا ہے۔بورڈ نے کہاکہ اس طرح کی من مانی اور جارحانہ کارروائیاں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف دشمنی کے جذبے سے کی جا رہی ہیں۔بورڈ نے بی جے پی کی اتحادی سیکولر سیاسی جماعتوں کی خاموشی پر بھی حیرت اور تشویش کا اظہارکیا اورکہا کہ آئینی اور قانونی اصولوں کی کھلی خلاف ورزیوں پر ان جماعتوں کی جانب سے آواز نہ اٹھانا، سیکولرازم اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق ان کے عزم پر سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button