مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں وکشمیر میں ذرائع ابلاغ کو دبانے کے لیے مودی حکومت کے اقدامات شرمناک ہیں: فاروق رحمانی

cropped-farooq_rehmani-march-2013اسلام آباد 07 فروری (کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ذرائع ابلاغ کو دبانے اور صحافیوں کو اپنے تابع کرنے کے لیے مودی حکومت کے سفاکانہ اقدامات انتہائی شرمناک ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز کو نظربند کرنے، انسانی حقوق کے ایک اور کارکن محمد احسن انتو کو جبری طور پر لاپتہ کرنے اور صحافی سجاد گل کو گرفتار کرنے کے کچھ ہی عرصے بعد قابض حکومت نے سرینگر میں ایک اور صحافی” کشمیر والا “کے فہد شاہ کو جرم بے گناہی میںگرفتارکرلیا ۔انہوں نے گزشتہ ہفتے محمد احسن انتو کی گمشدگی اور ایک اور صحافی کی گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بھارتی پولیس کی اس طرح کی خوفناک سرگرمیوں سے میڈیا اور انسانی حقوق کے کارکنوں میں خوف ودہشت پھیلا ہوا ہے۔محمد فاروق رحمانی نے سیاسی کارکنوں، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو مسلسل ہراساں کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں آزاد صحافت اور انسانی حقوق کی عظیم اقدار شدید خطرے میں ہیں جبکہ گرفتار اور جبری طور پر لاپتہ کیے جانے والوں کے اہل خانہ کو نگرانی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق اور ذرائع ابلاغ کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوںکے ساتھ بھارت کے غیر قانونی اور غیر انسانی سلوک کے خلاف اپنی آواز بلند کریں اور مودی حکومت کو جموں و کشمیر میں حد بندی کمیشن کی رپورٹ سمیت 5 اگست 2019 کے بعد نافذ کئے گئے تمام یک طرفہ اور متعصبانہ قوانین اور اقدامات کو منسوخ کرنے پر مجبور کریں۔
دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما شیخ عبدالمتین نے بھی اسلام آباد میں ایک بیان میں صحافیوں کی گرفتاری اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمات کے اندراج کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ریاستی دہشت گردی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا بلکہ اس سے علاقے کے عوام میں جذبہ آزادی مزید بڑھے گا۔ شیخ متین نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جعلی مقابلوں میں حالیہ شہادتوں کا نوٹس لے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button