ہماری موت کے ذمہ دار مودی ہونگے، بھارتی میاں بیوی نے زہر کھا لیا
لکھنو بھارت11 فروری (کے ایم ایس)بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع باغپت میں جوتوں کے ایک تاجر راجیو اور انکی بیوی پونم نے فیس بک لائیو ویڈیو کے دوران زہر کھا کر خود کشی کرنے کی کوشش کی۔
زہر خوری کے بعد میاں بیوی کو تشویشنا حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں راجیو کی جان تو بچالی گئی تاہم انکی بیوی کو بچایا نہیں جاسکا۔ راجیو نے زہر کھاتے ہوئے کہا کہ انکی موت کے ذمہ دار ویزر اعظم مودی ہونگے۔ راجیوکے بھائی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ انکا بھائی مالی تنگدستی کا شکار تھا جبکہ انکے ایک پڑوسی کا کہنا ہے کہ راجیو کا جوتوںکا کاروبارختم ہو گیا تھا اور گزشتہ انکے پاس کچھ بھی باقی نہیں بچا تھا ۔ ضلع باغپت کی تاجر یونین کے صدر ارون تومڑ کا کہنا ہے کہ راجیو نے بار بار کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی کاروباریوں سے متعلق پالیسیوں کے باعث قرض میں ڈوب چکا ہے اور حالات اس قدر خراب ہیں کہ وہ خود کشی کا سوچ رہا ہے ۔ ارون تومڑ نے کہا کہ اگر وہ ایک تاجر کے نکتہ نظر سے بات کریں تو صورت حال یہ ہے کہ چھوٹے تاجر بہت تنگ ہیں ، چھوٹے کاروبار ختم ہو رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی باربار کہتی ہے کہ کوروناکی وجہ سے تاجروںکے حالات خراب ہیں لیکن سچ یہ ہے کہ حکومت کی پالیسیاں چھوٹے تاجروں کے مفاد میں نہیں ہیں اور یہ بڑے تاجروں کے مفادات کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہیں۔ ارون نے کہا کہ مودی حکومت ڈیجیٹل انڈیا کے نام پر آن لائین کاروبارکو فروغ دے رہی ہے جسکی وجہ سے چھوٹے کاروبار ختم ہو رہے ہیں اور جو لوگ کرایے کی دکان پر کام کر رہے ہیں وہ کرایہ ادا کرنے کے قابل نہیں ہیں جبکہ اپنی دکانوں کو مالکان بھی اپنا گھر چلانے سے قاصر ہیں۔