بڈگام میں پرامن مظاہرین پربھارتی فوجیوں کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت
سرینگر16فروری (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ نے گزشتہ روزغیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام کے علاقے ماگام میں پرامن مظاہرین پر بھارتی فوجیوں کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گزشتہ روز ماگام میں ایک بھارتی فوجی اہلکار نے مردم شمار ی کے دوران ایک گھرمیں زبردستی داخل ہو کر ایران کے ایران کے مقتول کمانڈر قاسم سلیمانی کی تصاویر نذر آتش کئے جانے کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے ۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ بھارتی قابض افواج نے سول انتظامیہ کا مکمل اختیار سنبھال لیا ہے اورمقبوضہ کشمیر کے اطراف و اکناف میں مردم شماری کی جارہی ہے ۔ انہوں نے مردم شماری کے دوران غیر ضروری سوالات پوچھنے اور لوگوں کی چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنے پر بھارتی قابض فوجیوں پرشدیدتنقید کی ۔حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین نے کہا کہ کشمیر کے آزادی پسند عوام نے گزشتہ 74 برس سے بھارتی ظلم و بربریت کا نشانہ بننے کے باوجود کبھی بھارت سے شکست تسلیم نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر ایک سیاسی تنازعہ ہے جسے فوجی طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حق خود ارادیت ایک جمہوری اور پرامن فارمولہ ہے جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تسلیم کیا ہے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اس فارمولے کو عالمی برادری کی بھی حمایت حاصل ہے۔شبیر شاہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی بند کرانے اور تنازعہ کشمیر کوعالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے بھار ت پر دبائو بڑھائیں۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما مختار احمد وازہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں اسلامی اسکالر مولوی نور احمد کے بھائی محمد حسین کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔