کرناٹک : حجاب پہن کر کالج آنے والی طالبات کیخلاف تھانوں میں رپورٹ درج کرائی جارہی ہے
بنگلورو 19 فروری (کے ایم ایس) بھارتی ریاست کرناتک میں مسلمان طالبات بدستوار حجاب پہن کر تعلیمی اداروں میں آرہی ہیں جس پر انکے خلاف تھانوں میں ایف آئی آر درج کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
ریاست کے ضلع تماکورو میںتماکورو کے ایمپریس کالج کے پرنسپل نے گزشتہ دو دنوں میں عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر 15 سے 20 طالبات کے خلاف تماکورو تھانے میں شکایت درج کرائی ہے۔ مسلم طالبات کے خلاف یہ پہلی ایف آئی آر ہے۔ کرناٹک کے وزیر داخلہ اراگا جنیندرا نے کہا ہے کہ طالبات کے تئیں اب کوئی نرم رویہ اختیار نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے ہائیکورٹ کے عبوری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کرنے کی ہدایت دی ہے ۔
دریں اثنا ضلع کورگ کے کالج پرنسپل کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انہیں حجاب پہن کر کالج آنے والی طالبات پر چلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔