پاکستان کا اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد 27 فروری (کے ایم ایس) دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی فضائی حدود کے اندر بھارت کے ناجائز فضائی حملوں کے خلاف پاکستان کے مثالی ردعمل کی تیسری برسی کے موقع پر جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے 26 فروری 2019 کو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں فضائی حملے کرکے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی سراسر خلاف ورزی کی تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری کو پامال کرنے کی کوشش کو ہماری بہادر مسلح افواج نے فوری طورپر ناکام بنا دیا۔ پاکستان نے نہ صرف عزم کے ساتھ اپنی خودمختاری کا تحفظ کیا بلکہ اس نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ بھی کیا۔ترجمان نے کہا کہ 27 فروری 2019 کو ایک بار پھر دو بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، جنہیں پاک فضائیہ کے طیاروں نے مار گرایا۔ انہوں نے کہا کہ گرائے گئے طیاروں میں سے ایک کے پکڑے گئے پائلٹ کو بعد میں جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارت کو واپس کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کا خواہاں ہے تاہم ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ 27 فروری بھارت کے لیے ایک سبق ہے کہ اس کی کسی بھی مہم جوئی اور جنگی جنون کومناسب جواب دیے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بھارت کو فروری 2019 میں اپنی لاپرواہی کے نتائج کو ذہن میں رکھنا چاہیے اور مستقبل میں ایسی کسی بھی مہم جوئی سے باز رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، مسلح افواج اور عوام کسی بھی جارحیت کے خلاف ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے اپنے عزم پر قائم رہیں گے۔ترجمان نے کہاکہ جب ہم اس دن کی یاد منا رہے ہیں، ہم پرامن بقائے باہمی اور جموں و کشمیر کے تنازعے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے عزم پر زور دیتے ہیں۔ ہم اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کو بغیر کسی تاخیر کے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں اور انسانیت کے خلاف جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے۔
دریں اثناءکشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے ایک دوبدو لڑائی میں بھارتی فضائیہ کے 2 طیاروں کو مار گرایا اور ایک بھارتی پائلٹ کو زندہ پکڑ لیاتھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ”آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ“بھارتی فضائیہ کی طرف سے 26 فروری 2019 کی رات کو پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے جواب میں شروع کیا گیا تھا۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ نے بھارتی فضائیہ کو اتنا الجھا دیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا او ریہ بھارت کے لئے ایک واضح پیغام تھا کہ وہ پاکستان کو کمزور نہ سمجھے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی روایتی فوجی برتری کا افسانہ 27 فروری 2019 کو پاکستان ایئر فورس نے ختم کر دیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 27 فروری 2019 کو مختصر فضائی لڑائی میں پاکستان کی فتح بھارت کو پریشان کرتی رہے گی۔رپورٹ میں کہاگیا کہ 27 فروری 2019 کو پاکستان نے فسطائی مودی حکومت کی غلط مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا۔