اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر مودی حکومت سے باز پرس کرے
اسلام آباد07 ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی فوجی کھلے عام انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں 5اگست 2019کے بعد سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ انسانی حقوق کے متعدد بین الاقوامی گروپوں نے بھی مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت کے 5اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کے آرٹیکل 3کی سنگین خلاف ورزی ہیں اس آرٹیکل میںآزادی اور امن کے ساتھ زندہ رہنے کے حق کی ضمانت فراہم کی گئی ہے ۔رپورٹ میں انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کے آرٹیکل 13کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جس میں نقل و حرکت کی آزادی کے حق کی وضاحت کی گئی ہے ۔ اس دفعہ کے تحت ہر کسی کو اپنے ملک میں کہیں بھی آنے جانے کی آزادی حاصل ہے ۔ تاہم مقبوضہ وادی کشمیرمیں بھارتی حکومت نے 5اگست 2019کو کرفیو نافذ کردیا جو اب بھی مقبوضہ علاقے میںمختلف شکلوں میںنافذ ہے۔کرفیو کے ذریعے عوام کی سرگرمیوںکو جبری طورپر معطل کردیاجاتا ہے اور لوگوں کے آزادانہ نقل و حرکت کے حق کو پامال کیاجاتا ہے اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ انسانی حقوق کے معیارات کے تحت لوگوں کے اس بنیادی حق کو سلب کئے جانے کی کوئی وضاحت پیش نہیں کی جاسکتی۔ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوںکا قتل عام ، جعلی مقابلے ، دوران حراست گمشدگیاں ، ماورائے عدالت قتل ،ظلم و تشدد اور خواتین کی بے حرمتیاں روز کامعمول بن چکی ہیں۔کے ایم ایس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کے بعد سے رواں سال 31اگست تک 428بے گناہ کشمیری بھارتی گولیوں کانشانہ بن چکے ہیں۔مقبوضہ علاقے میں جنوری 1989سے اگست 2021تک 95ہزار861کشمیریوں کوشہید کیاجاچکا ہے جس سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار بھارت کی قلعی کھل گئی ہے۔ رپورٹ میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے محصور عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے کیلئے ان کی مدد کریں تاکہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کافیصلہ خود کرسکیں۔ کشمیریوں کے اس حق کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی متعدد قراردادوںمیں فراہم کی ہے اور مودی حکومت سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں پرسخت باز پرس کی جائے ۔